(ایجنسیز)
امریکی صدر اوباما مشرق وسطی میں امن کیلیے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان پچھلے سال جولائی سے شروع ہونے والے امن مذاکرات کا جائزہ لیں گے۔ اس سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پیر کے روز تین مارچ کو اور فلسطینی صدر محمود عباس 17 مارچ کو صدر اوباما سے ملاقات کریں گے۔
یہ بات وائٹ ہاوس کی طرف سے باضابطہ طور پر بتائی گئی ہے۔ '' اوباما انتظامیہ توقع رکھتی ہے کہ 29 اپریل تک اس سلسلے میں ایک معادہ ممکن بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ''
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ '' بہت امید ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان
فریم ورک پر مقررہ مدت میں اتفاق رائے ہو جائے گا۔'' تاہم ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کیلیے مزید نو ماہ کا وقت چاہیے ہوگا۔
وائٹ ہاوس کے ترجمان جے کارنے نے رپورٹرز کو بتایا فریم ورک کے بعد بھی مذاکرات جاری رہیں گے۔ فریقین کور ایشوز پر بات کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق '' ہمیں یقین ہے کہ فریم ورک پر اتفاق ایک بڑی پیش رفت ثابت ہوگی۔ ''
واضح رہے رواں ماہ کے دوران امریکی وزیر خارجہ اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے درمیان پیرس میں بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے۔ جس میں امن مذاکرات اور اس سلسلے میں مشکلات پر تبدالہ خیال ہوا تھا۔ اس سے پہلے جان کیری کم از کم دس مرتبہ مشرق وسطی کا دورہ کر چکے ہیں۔